برہماور،5؍ دسمبر(ایس او نیوز) سائبرا کٹَے علاقے میں گوڈس رکشہ، کار اور موٹر بائک کے درمیان پیش آئے سلسلہ وار سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ چار لوگ زخمی ہوگئے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق گوڈس رکشہ میں مچھلیاں لدی ہوئی تھیں ۔ جبکہ یہ رکشہ جے سی بی گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کررہا تھا تو سامنے سے آنے والی تیز رفتار سوفٹ کار سے ٹکرایا گیا ۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ رکشہ بری طرح چپک گیا جس میں رکشہ ڈرائیور اور اس کے ساتھ بیٹھا ہوا سریش مارکلا پھنس کر رہ گئے ۔ سریش نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ رکشہ ڈرائیور کو سنگین زخمی حالت میں علاج کے لئے اسپتال میں منتقل کیا گیا۔
اسی دوران رکشہ اور کار کے تصادم میں ایک موٹر بائک سوار بھی پھنس گیا جس کی وجہ سے اس کے بائیں پاوں میں شدید چوٹ آئی ہے ۔ اس کےعلاوہ حادثہ کا شکار ہونے والی کار میں سوار دو افراد بھی زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
حادثہ کی اطلاع ملنے پر برہماور پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کر لیا۔